اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا اور ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین فرزند علی وزیر نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران صوبے میں پارٹی کے تنظیمی امور،کارکنوں کی فعالیت اور آئندہ سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پیر کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پارٹی کو نچلی سطح تک منظم کرناوقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔
انہوں نےکارکنوں کے ساتھ روابط بڑھانے اور تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے پر زور دیا۔ملاقات میں پارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کے مجوزہ کنونشنز کے انعقاد پر بھی مشاورت کی گئی۔رہنماؤں نے ہلال احمرخیبرپختونخوا کی کارکردگی، فلاحی سرگرمیوں اور حالیہ اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
چیئرمین ہلال احمر نے ادارے کی جاری سرگرمیوں، قدرتی آفات میں امدادی کارروائیوں اور عوامی خدمت کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔گورنر کے پی نے ہلال احمر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ مشکل حالات میں عوام کی مدد کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے اور حکومت اس کی مزید بہتری اور فعالیت کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔