کوئٹہ۔ 10 اپریل (اے پی پی):گورنر ہائوس کوئٹہ میں ایسٹر کی مناسبت سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر جعفر خان مندوخیل نے بھی شرکت کی۔ ترجمان گورنر ہائوس کے جاری بیان کے مطابق تقریب کے دوران مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر ریونیو میرعاصم کرد گیلو ، سابق سینیٹر سعید الحسن مندوخیل اور میر طارق کھیتران سمیت صوبے بھر سے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں تمام شہریوں خواہ ان کا تعلق اکثریت سے ہو یا اقلیت سے ، کا ملک اور صوبے دونوں کی ترقی اور خوشحالی میں برابر کردار ہے۔ انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو آئین کے تحت مساوی حقوق، تحفظ اور مذہبی آزادی کی ضمانت دی گئی ہے۔
گورنر نے بلوچستان خصوصاً تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبوں میں مسیحی برادری کی گراں قدر خدمات کو سراہا اور بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب کا اختتام پاکستان کی خوشحالی ، ترقی اور سلامتی کےلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔