راولپنڈی ۔31مارچ (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر راولپنڈی سمیت صوبہ بھر میں سخت سکیورٹی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے جامع گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ اعلامیے کے مطابق مسیحی برادری 3 اپریل کو گڈ فرائیڈے، 5 اپریل کو ایسٹر، 4 اپریل کو متبرک ہفتہ جبکہ 6 اپریل کو ایسٹر منڈے منائے گی۔دریں اثناء مقدس ہفتے کے دوران عبادات کے ساتھ ساتھ تفریحی مقامات پر بھی شہریوں کی بڑی تعداد متوقع ہے جس کے پیش نظر سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ تمام گرجا گھروں، رہائشی علاقوں اور عوامی مقامات کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے جبکہ شہری مراکز، پارکس، شاپنگ مالز اور سنیما ہالز میں بھی خصوصی نگرانی رکھی جائے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسیحی عبادت گاہوں اور حساس علاقوں میں ہائی ریزولوشن سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں اور تقریبات کے اختتام تک 24 گھنٹے پٹرولنگ جاری رکھی جائے۔ہدایت نامے کے مطابق گرجا گھروں کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت اور بلاامتیاز چیکنگ یقینی بنائی جائے جبکہ واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کی تنصیب بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
پارکنگ کو عبادت گاہوں سے مناسب فاصلے پر منتقل کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رضاکاروں کو بھی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تمام اضلاع میں سکیورٹی پلان کے ساتھ ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے، عوامی مقامات پر روشنی کے مناسب انتظام، غیر ملکیوں خصوصاً مشنری رہنماؤں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے اور ضرورت کے مطابق اینٹی رائٹ فورس کی تعیناتی کی ہدایت کی گئی ہے۔
نشاندہی شدہ علاقوں میں سنیپ چیکنگ اور کومبنگ آپریشنز تیز کرنے جبکہ اداروں کے مابین مؤثر انٹیلیجنس شیئرنگ پر بھی زور دیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور ہسپتالوں کو ہائی الرٹ رکھا جائے، کنٹرول رومز کو مرکزی نظام سے منسلک کیا جائے اور ہوٹلز میں ہوٹل آئی سافٹ ویئر کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز خود سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے جبکہ سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔