اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):شفاء انٹرنیشنل ہسپتال لمیٹڈ کے زیرِ انتظام اور Interloop Limited کے اشتراک سے قائم شفا انٹرنیشنل ہسپتال فیصل آباد جلد باقاعدہ طور پر طبی خدمات کا آغاز کرے گا، جو شہر اور گردونواح کے لیے جدید اور معیاری صحت سہولیات کی فراہمی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔423 بستروں پر مشتمل اس جدید ٹرشری کیئر ہسپتال میں تشخیص، علاج، سرجری اور بحالی صحت سمیت ہمہ جہت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ابتدائی مرحلے میں 166 بستروں کو فعال کیا جا رہا ہے، جن میں جدید سہولیات سے آراستہ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ بھی شامل ہے، جہاں مریضوں کو فوری اور معیاری طبی امداد میسر ہوگی۔اس سلسلے میں ہسپتال میں ایک اوپن ہاؤس سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی میڈیکل کمیونٹی کے اراکین، شفاء انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد کے کنسلٹنٹس اور سینئر انتظامیہ نے شرکت کی۔ شرکاء کو ہسپتال کا تفصیلی دورہ کرایا گیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات سمیت مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر شفاء انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد کے چیف آپریٹنگ آفیسر تیمور شاہ نے کہا کہ ادارہ اپنی معیاری اور عالمی سطح کی صحت خدمات کو فیصل آباد تک وسعت دے رہا ہے تاکہ مقامی سطح پر مریضوں کو جدید اور محفوظ ماحول میں علاج کی سہولت میسر آ سکے۔چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر خواجہ جنید مصطفیٰ نے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر اور ماہر طبی عملے کی بدولت مریضوں کو جامع اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اس موقع پر چیئرمین انٹرلوپ مصدق ذوالقرنین نے کہا کہ ہسپتال کے مکمل فعال ہونے سے فیصل آباد کے شہریوں کو معیاری علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت میں نمایاں کمی آئے گی۔شرکاء نے اس منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ہسپتال فیصل آباد اور گردونواح کے عوام کو معیاری اور باآسانی دستیاب طبی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔