اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے EO-3 سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر پوری قوم، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سیٹلائٹ کی لانچنگ ملک کی سائنسی و تکنیکی ترقی میں اہم سنگ میل ہے،سیٹلائیٹ کی تیاری میں سپارکو کےماہرین کی محنت اور پیشہ ورانہ مہارت قابلِ ستائش ہے،سیٹلائٹ سے زمین کے مشاہدے، ماحولیاتی تحفظ، قدرتی آفات سے نمٹنے اور شہری منصوبہ بندی میں بہتری آئے گی۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی خود انحصاری اور جدید ٹیکنالوجی میں پیش رفت کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ سیٹلائیٹ کی کامیاب لانچنگ میں چین کا تعاون قابل ستائش ہے، پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے،سائنسی اور تکنیکی شعبے میں تعاون سے دونوں ممالک کی دوستی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔