چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی فیلڈ ٹیمیں تیز بارش کے دوران ہائی الرٹ

چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی فیلڈ ٹیمیں تیز بارش کے دوران ہائی الرٹ

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی فیلڈ ٹیموں کو تیز بارش کے دوران ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ایم سی آئی اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے کے افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں میں مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپس کی موجودگی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز بارش کے دوران تمام نشیبی علاقوں، انٹرچینجز و انڈر پاسز اور مرکزی شاہراہوں کی کلیئرنس کو یقینی بنایا گیا۔

اسی طرح، شاہرائوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے انڈر پاسز اور دیگر مقامات پر نکاسی آب کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا کہ نکاسی آب کو یقینی بنانے کیلئے نالوں اور نشیبی علاقوں میں حائل تمام روکاوٹیں ختم کی جارہی ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر شہری سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے ایمرجنسی نمبر 16 اور 1334 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ موصول ہونے والی تمام شکایات کا بروقت ازالہ ہر حال میں ممکن بنایا جارہا ہے۔

سی ڈی انتظامیہ نے کہا کہ شہری احتیاطی تدابیر اور حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تیز بارش کے دوران شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کی حفاظت اور انکو بہترین سہولیات کی فراہمی کو تسلسل کے ساتھ یقینی بنانا ہے۔