چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ کی ملاقات

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ کی ملاقات

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سےوفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات ان کے عہدہ سنبھالنے کے بعد خیرسگالی کے طور پر منعقد ہوئی جس میں انہوں نے چیئرمین سینیٹ کو وفاقی محتسب کے ادارے کی کارکردگی، عوامی شکایات کے ازالے کے نظام اور انتظامی انصاف کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران وفاقی محتسب نے آگاہ کیا کہ ادارے نے سال 2025 میں بدانتظامی سے متعلق 2 لاکھ 62 ہزار سے زائد شکایات کو کامیابی سے نمٹایا جبکہ فیصلوں پر عملدرآمد کی شرح تقریباً 97 فیصد رہی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ ملک بھر میں اپنے وسیع علاقائی نیٹ ورک کے ذریعے عوام کو ان کی دہلیز پر فوری، کم خرچ اور مؤثر انتظامی انصاف فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شکایات کے اندراج اور ان کے حل کے لئے ایک جدید آن لائن پورٹل متعارف کرایا جا رہا ہےجس کے تحت ہر شکایت کو 60 دن کے اندر نمٹانے کو یقینی بنایا جائے گا۔ متوسط طبقے کو درپیش مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ دور دراز علاقوں میں کھلی کچہریوں اور سماعتوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔نوید کامران بلوچ نے اس امر پر زور دیا کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ادارے کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے شفاف، مؤثر اور فعال نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ سرکاری بدانتظامی سے پیدا ہونے والے مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وفاقی محتسب کے ادارے کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نوید کامران بلوچ کی متحرک قیادت میں یہ ادارہ مزید مؤثر انداز میں خدمات انجام دے گا اور عوام کو بہتر ریلیف فراہم کرے گا۔ انہوں نے وفاقی محتسب کے اقدامات کو اچھی حکمرانی، شفافیت اور عوامی خدمت کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔چیئرمین سینیٹ نے نوید کامران بلوچ کو نئی ذمہ داریوں پر نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر وفاقی محتسب نے چیئرمین سینیٹ کی سیاسی و سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گیلانی خاندان نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور عوامی فلاح کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔