چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کو فیفا سیریز 2026 میں نمایاں کامیابی پر دلی مبارکباد

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کو فیفا سیریز 2026 میں نمایاں کامیابی پر دلی مبارکباد

اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کو فیفا سیریز 2026 میں نمایاں کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔یہاں جاری بیان کے مطابق انہوں نے قومی خواتین فٹبال ٹیم کی شاندار کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 8–0 کی شاندار فتح قومی خواتین کھلاڑیوں کی محنت، لگن اور غیر معمولی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویمنز ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے نہ صرف ملک کے وقار میں اضافہ کیا بلکہ خواتین کے کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک نئی امید اور حوصلہ بھی پیدا کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی خواتین کا کھیلوں کے میدان میں بڑھتا ہوا کردار انتہائی حوصلہ افزا ہے اور اس کامیابی سے نوجوان نسل، خصوصاً لڑکیوں کو آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کے کھیلوں کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی ناگزیر ہے تاکہ ملک میں کھیلوں کا شعبہ مزید مضبوط ہو سکے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ فیفا سیریز میں یہ کامیابی مستقبل میں مزید کامیابیوں کی بنیاد ثابت ہوگی اور ویمنز فٹبال ٹیم کی یہ کارکردگی کھیلوں کے میدان میں خواتین کے لیے نئی راہیں کھولے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بیٹیوں کی اس کامیابی پر فخر کرتی ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہے۔