چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پیر سید معین الحق گیلانی کے بڑے صاحبزادے کے انتقال پر اظہار افسوس

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پیر سید معین الحق گیلانی کے بڑے صاحبزادے کے انتقال پر اظہار افسوس

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سجادہ نشین درگاہ غوثیہ گولڑہ شریف پیر سید معین الحق گیلانی کے بڑے صاحبزادے پیر سید مہر فرید الحق مہر گیلانی کے انتقال پر تعزیت اور یکجہتی کے لئے گولڑہ شریف گئے جہاں انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ اور عقیدت مندوں سے ملاقات کی اور دلی ہمدردی، تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پیر سید مہر فرید الحق شاہ مہر گیلانی ایک ممتاز روحانی پیشوا اور باوقار مذہبی رہنما ءتھے جنہوں نے اپنی زندگی دین اسلام کی خدمت، اشاعت دین اور انسانیت کی فلاح کے لیے وقف کیے رکھی۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم کی وفات سے مذہبی و روحانی حلقوں میں ایک ایسا خلا ءپیدا ہوا ہے جسے طویل عرصے تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔ انہوں نے مرحوم کی دینی، روحانی اور سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی اور اصلاح معاشرہ کے لیے کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پیر سید مہر فرید الحق مہر گیلانی کے انتقال کو روحانی خانوادے کے لیے بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی شخصیات کی کمی مدتوں محسوس کی جاتی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں وہ سوگواران اور عقیدت مندوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔