چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد اختر سے ہواوے کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد اختر سے ہواوے کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر سے ہواوے کے اعلیٰ سطحی وفد نے مشرق وسطیٰ و وسطی ایشیا ریجن کے صدر ڈیرک ہاؤ اور الیکس یانگ کی قیادت میں اہم ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے 2008 سے جاری دیرینہ شراکت داری کی توثیق کرتے ہوئے مختلف اہم منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پاکستان ایجوکیشن اینڈ ریسرچ نیٹ ورک ، کلاؤڈ انفراسٹرکچر، ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ اور جدید ڈیٹا سسٹمز کے فروغ پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ہواوے حکام نے مصنوعی ذہانت پر مبنی کلاس رومز، ورچوئل تدریسی حل اور اگلی نسل کی کنکٹیویٹی کے حوالے سے اپنی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیمی نظام کو مزید مؤثر اور عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے۔گفتگو کے دوران مصنوعی ذہانت کے شعبے میں افرادی قوت کی تیاری، اکیڈمیاء اور صنعت کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور ایک جامع ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے فروغ کے لئے باہمی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔