اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):بیرون ملک روزگار اور تعلیم کے مواقع سے متعلق رہنمائی اور قانونی امیگریشن کے فروغ کے لیے سپیریئر کنسلٹنگ کے زیرِ اہتمام ون ٹو ون سیمینار 18 اپریل کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ مقامی ہوٹل میں ہونے والے ایک روزہ سیمینار میں امیگریشن سے متعلق منصوبہ بندی ،بیرونِ ملک تعلیم، وزٹ ویزا آپشنز اور بیرون ملک اسیٹلمنٹ سے متعلق اہم امور پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔سیمینار میں پیشگی طے شدہ ون ٹو ون سیشنز کے ذریعے پروفیشنلز، طلبہ اور خاندانوں کو بیرونِ ملک مواقع سے متعلق معلومات دی جائیں گی جبکہ امیگریشن پلاننگ، تعلیمی آپشنز، وزٹ ویزا اور امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا سمیت مختلف ممالک میں سیٹلمنٹ سے متعلق امور زیرِ بحث آئیں گے۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے امیگریشن ماہر عادل اسماعیل نے کہا کہ امیگریشن کے عمل میں ہر فرد کے پروفائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب راستے کا تعین اہم ہوتا ہے اور اسی بنیاد پر رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔ڈائریکٹر آپریشنز، سپیریئر کنسلٹنگ ابو بکر عادل نے کہا کہ لوگوں میں بیرونِ ملک مواقع کے حوالے سے آگاہی اور سنجیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور وہ طویل مدتی منصوبہ بندی پر توجہ دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیمینار میں شرکا کو اپنے پروفائلز پر تفصیلی بات چیت کا موقع فراہم کیا جائے گا جبکہ شرکت پیشگی رجسٹریشن سے مشروط ہوگی۔ سپیریئرکنسلٹنگ نے کامیاب کیس ہینڈلنگ، ون ٹو ون کلائنٹ انگیجمنٹ اور عملی رہنمائی کے ذریعے مارکیٹ میں اپنی جگہ بنائی ہے۔
وقت کے ساتھ اس تسلسل نے ادارے کو ایک قابل اعتماد نام بنایا ہے خاص طور پر ایسے شعبے میں جہاں مستند مشاورت اور درست رہنمائی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔سیمینار کے مختلف سیشنز میں امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا کے مواقع کے ساتھ ساتھ EB-2 NIW، یوکے گلوبل ٹیلنٹ، نیشنل انوویشن ویزا اور دیگر پروفیشنل طریقوں پر بھی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔موجودہ حالات میں جہاں پاکستان اور مشرق وسطی میں پہلے سے مقیم پاکستانی شہریوں کی بڑی تعداد بیرون ملک مواقع پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے وہاں ذاتی نوعیت کی منظم رہنمائی کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔