پشاور۔ 28 مارچ (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی، برداشت اور رواداری کے کلچر کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں فیڈرل شریعت کورٹ کے جج جسٹس سید محمد انور،صدر بشپ چرچ آف پاکستان آرچ بشپ ڈاکٹر آزاد مارشل، اقلیتی رکن قومی اسمبلی جیمز اقبال، معروف دانشور سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی سے گفتگو کے دوران کیا۔
گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گورنر ہاؤس میں منعقدہ ملاقات میں انہوں نے کہا کہ بطور گورنر ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد انہوں نے پشاور میں تمام اقلیتوں کی مذہبی عبادت گاہوں کا دورہ کیا تاکہ باہمی ہم آہنگی اور اعتماد کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریبات کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ ہر اقلیت کے مذہبی تہوار کو گورنر ہاؤس میں منانے کے سلسلے کی بھی شروعات کی گئی ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کو فوقیت دی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کےلیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس بات پر زور دیا کہ مذہبی قیادت اور دانشوروں کو مل کر معاشرے میں برداشت، بھائی چارے اور ہم آہنگی کے فروغ کےلیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ایک پرامن اور متحد معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔