اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کو جمعہ کو برطانیہ کے وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر کا ٹیلیفون موصول ہوا، جنہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کی مؤثر سفارتی کوششوں اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی میں کردار کو سراہا۔ٹیلیفونک گفتگو کے دوران برطانوی وزیرِاعظم نے اسلام آباد میں امن مذاکرات کی میزبانی پر وزیرِاعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی اور اس عمل کی کامیابی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے مخلصانہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یورپی اور بین الاقوامی رہنماؤں، بشمول وزیرِاعظم اسٹارمر، کے مشترکہ اعلامیے کا خیرمقدم کیا، جس میں پاکستان کی امن کوششوں کی توثیق کی گئی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ جنگ بندی کو برقرار رکھا جائے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپنے برطانوی ہم منصب کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔