اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ پیر کی رات شمال مشرقی بلوچستان، زیریں خیبرپختونخوا اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں کے مقامی ندی نالوں میں موسلادھار بارشوں کے باعث طغیانی کا خطرہ ہےجبکہ 7اپریل اور 8اپریل کے روز شدید موسلادھار بارشوں کے باعث کشمیر ، بالائی خیبرپختونخوا ، مری اور گلیات کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ اس دوران پشاور، نوشہرہ، مردان، اسلام آباد، راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے باعث اس دوران کمزور ڈھانچوں (بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، سولر پینلز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ،ژالہ باری اور آندھی کے باعث پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی بلوچستان، خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب میں بیشتر مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔ بالائی سندھ، بالائی/وسطی پنجاب، وسطی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔(کل )منگل کو خیبرپختونخوا ،پنجاب ،اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سےبارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔ شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم شمالی بلوچستان ، جنوبی پنجاب، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش پنجاب میں مری 14، بھکر 04، چکوال، لیہ، بہاولپور 01، بلوچستان میں قلات 12، ژوب 06، کوئٹہ (سمنگلی 01)، خیبر پختونخوا میں پاراچنار 06، کشمیر میں گڑھی دوپٹہ میں ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔پیر کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیرآباد 36، سکرنڈ، پسنی اور مٹھی میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔