بجلی کی کھپت میں بتدریج اور نمایاں اضافہ حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کاثبوت ہے، سردار اویس احمد خان لغاری

بجلی کی کھپت میں بتدریج اور نمایاں اضافہ حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کاثبوت ہے، سردار اویس احمد خان لغاری

اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کی کھپت میں بتدریج اور نمایاں اضافہ ہو رہا ہے جو حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کاثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے یہاں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بجلی کے نرخوں کو مسابقتی بنانے کے لیے کوشاں ہے تاکہ ملک کے اہم معاشی شعبے اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاور ڈویژن نے صنعتی شعبے کے لیے رعایتی ٹیرف کا جائزہ لینے کے بعد اب ٹائم آف یوز تجاویز پر کام شروع کر دیا ہے تاکہ توانائی کے شعبے میں مزید بہتری لائی جا سکے ،اس کا مقصد ملک کی شمسی توانائی کی صلاحیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صنعتوں کو رعایتی نرخ فراہم کرنا ہے، اس حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔

سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ پاور ڈویژن بجلی کی پیداوار کے لیے ملک کے مقامی وسائل کے استعمال سے متعلق اہم پالیسی فیصلوں پر بھی غور کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال نے مقامی وسائل کے استعمال کی حکومتی کوششوں کو مزید تقویت دی ۔وفاقی وزیر نے توانائی کے شعبے میں مسلسل تعاون پر ورلڈ بینک کا شکریہ ادا کیا اور جاری منصوبوں کے کامیاب نفاذ کو سراہا۔ انہوں نے حکومت کے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عالمی بینک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار نے پاور ڈویژن کے اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہا اور ٹیرف ریشنلائزیشن، ٹرانسمیشن و ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک اور قابل تجدید توانائی کے انضمام سمیت ترجیحی شعبوں میں وزارت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔