اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)نے ملک بھر میں 4 اپریل تک بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کے لیے خصوصی ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ترجمان این ایچ اے کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران سڑکوں پر پھسلن بڑھ جاتی ہے اور حد نگاہ کم ہونے کے باعث حادثات کا خطرہ دوچند ہو جاتا ہے لہٰذا شہری ان ایام میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ناگزیر حالات میں سفر کرنے والے ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گاڑی کی رفتار انتہائی کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور اچانک بریک لگانے یا خطرناک طریقے سے اوورٹیک کرنے سے پرہیز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ترجمان نے تاکید کی کہ مسافر سفر شروع کرنے سے پہلے اپنی گاڑی کے وائپرز، ٹائروں کی حالت اور لائٹس کی درستگی کو لازمی چیک کریں بالخصوص مری، ایبٹ آباد اور دیگر شمالی علاقہ جات کی طرف جانے والے سیاحوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔