اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے مسافروں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق پشاور سے اسلام آباد (ایم-1)، ہکلہ سے ڈی آئی خان (ایم-14) اور اسلام آباد سے کوٹ مومن (ایم-2) تک کے حصوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ ہزارہ ایکسپریس وے (ای-35)، سوات ایکسپریس وے، کامونکی سے سمبڑیال (ایم-11) اور شیر شاہ سے عبدالحکیم (ایم-4) پر بھی بادل برس رہے ہیں جس سے سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو گئی ہے۔موٹروے پولیس نے عوام الناس سے التماس کی ہے کہ وہ موجودہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی محتاط ڈرائیونگ کریں۔
ترجمان نے ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں اور کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے اگلی گاڑی سے طے شدہ فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں۔ مسافروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سفر پر روانہ ہونے سے قبل اپنی گاڑی کی ہیڈ لائٹس اور وائپرز کو درست حالت میں رکھیں اور گیلی سڑک پر اچانک بریک لگانے سے گریز کریں تاکہ گاڑی بے قابو نہ ہو۔ترجمان موٹروے پولیس نے مزید کہا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کے دوران کسی بھی ہنگامی مدد یا معلومات کی ضرورت کی صورت میں موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر فوری رابطہ کریں۔ پولیس کی موبائل پٹرولنگ ٹیمیں شاہراہوں پر مسافروں کی رہنمائی اور مدد کے لیے موجود ہیں۔