این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا ملک بھر کیلئے ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا ملک بھر کیلئے ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر کے لیے ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔ملک بھر میں شدید بارشوں سےسیلاب اور پہاڑی علاقو ں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث سیلابی صورتحال اور مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔پیر کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے جنوری میں جاری کردہ متوقع موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔ این ای او سی موسمیاتی خطرات اور قدرتی آفات کے حوالے سے 6 ماہ قبل پیشگی انتباہ جاری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ این ای او سی نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک کو درپیش موسمیاتی خطرات کے حوالے سے بھی پیشگی الرٹ جاری کر رہا ہے۔

اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیزہوائوں، آندھی جھکڑ کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برف باری بھی متوقع ہے۔شمالی علاقہ جات میں جاری مسلسل بارشوں کے باعث گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔بلوچستان، پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی، طوفان سمیت چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں بشمول مری،راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوا ل، گوجرخان،گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد،سیالکوٹ،منڈی بہائوالدین اور لاہور اور میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں آندھی جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

خوشاب،سرگودھا،جھنگ، فیصل آباد، قصور، اوکاڑہ،بہاولپور،بوریوالا،ملتان، ڈی آئی خان، نارووال،چنیوٹ،ننکانہ صاحب،پاک پتن، ساہیوال میں بھی بارش متوقع ہے۔خیبرپختونخوا کے بالائی اور جنوبی علاقوں میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ہے۔چترال، دیر، سوات،کالام، مینگورہ، بٹگرام،پشاور،مانسہرہ،ایبٹ آباد،ہری پور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں،وزیرستان اورلکی مروت میں بھی آندھی اور جھکڑ کے ساتھ بارش متوقع ہے۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں سکردو، ہنزہ، گلگت، استور، دیامر، گھانچے،نگر،غزر،خرمنگ،شگر، مظفرآباد، باغ،راولاکوٹ، حویلی،پونچھ،کوٹلی، میر پور، بھمبر اور وادی نیلم میں بھی بارش کا امکان ہے۔بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، چمن، کوہلو، ڈکی اور ہرنائی میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارش متوقع ہے۔

سندھ میں کراچی سمیت ٹھٹہ، بدین، سجاول، عمر کوٹ، حیدر آباداور میر پورخاص کے علاقوں میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔مغربی ہوائوں کے باعث بارشوں کا سلسلہ ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں جاری ہے، اپریل کے پہلے عشرے تک وقفے وقفے سے مزید بارشیں متوقع ہے۔ شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں اورملحقہ علاقوں میں پانی کے بہائو میں اضافہ، نشیبی علاقوں میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال متوقع ہے۔ پہاڑی ندی نالوں اور برساتی نالوں میں طغیانی جبکہ شہری علاقوں میں بھی اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔ڈی جی خان، ٹانک، بنوں، لکی مروت، کوہاٹ، کرک، ملاکنڈ، دیر، سوات، وزیرستان اور چارسدہ میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے ۔

کوئٹہ، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، زیارت اور سبی کے علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال متوقع ہے۔ پنجاب میں ڈی جی خان اور سلیمان رینج کے برساتی نالوں کے بہائو میں اضافہ جبکہ راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، گجرات، لاہور اور ملتان کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے نے ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ شہروں میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نکاسی آب کی مشینری کی دستیابی اور پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ملک بھر میں تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔پہاڑی علاقوں میں برف باری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، مسافر احتیاط کریں۔پہاڑی علاقو ں میں مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں،کمزور تعمیرات اورتنصیبات سے دور رہیں۔سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ سے بروقت معلومات حاصل کریں۔