اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی)نے ملک بھر کے لئے ممکنہ موسمی صورتحال اور خطرات کے حوالے سے پیشگی الرٹ جاری کر دیا ہے اورمتعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔منگل کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے جنوری میں جاری کردہ اگلے 3 سے 4 ماہ کے دوران متوقع موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔ مشرقی افغانستان میں بارشوں کے باعث دریائے کابل میں سیلابی صورتحال کا خطرہے۔
دریائے کابل میں سیلابی ریلے کے باعث پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور خیبر پختونخوا کے ملحقہ اضلاع متاثر ہونے کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ دریائے کابل کے کنارے پر مقیم رہائشی احتیاطی تدابیر اختیار کریں،دریا اور ندی نالوں کو پار کرنے سے گریز کریں۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ بروقت اور مصدقہ اطلاع کے لئے این ڈی ایم اے الرٹ موبائل ایپ استعمال کریں۔