اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے پراپرٹی کے شعبے سے وابستہ بلڈرز اور ڈویلپرز کے لئے دفعہ 236 سی کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس سے استثنا کے لئے درخواست دینے کی سہولت فراہم کردی ہے۔ ایف بی آر کی جانب سےگزشتہ روز جاری سرکلرمیں دفعہ 7ایف کے تحت خصوصی ٹیکس نظام میں شامل افراد کےلئے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 236 سی کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس کے اطلاق سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے بتایاگیاہے کہ دفعہ 7ایف کے تحت بلڈرز اور ڈویلپرز کو ایک سادہ ٹیکس نظام کے تحت ٹیکس ادا کرنا ہوتا ہے جس میں ان کی آمدن کا تعین مجموعی وصولیوں کے ایک مقررہ فیصد کی بنیاد پر کیا جاتا ہے تاہم یہ خدشات سامنے آئے تھے کہ دفعہ 236 سی کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس جو عموماً کیپیٹل گین کے ضمن میں ایڈجسٹ ہو جاتا ہے، نظام کے تحت پہلے ہی ٹیکس ادا کرنے والے افراد کے لئے اضافی مالی بوجھ بن رہا تھا۔
سرکلرکے مطابق ایسے معاملات میں جہاں بلڈرز اور ڈویلپرز دفعہ 7ایف کے تحت اپنی ٹیکس ذمہ داریاں پوری کر چکے ہوں اور ان کی کوئی دوسری قابلِ ٹیکس آمدن موجود نہ ہو، وہ اب دفعہ 236 سی کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس سے استثنز کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ ایسے ٹیکس دہندگان انکم ٹیکس آرڈیننس کی دفعہ 159 کے تحت متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو درخواست دے کر استثنا کا سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں گے۔
اس سرٹیفکیٹ سے غیر منقولہ جائیداد کی فروخت سے متعلق لین دین پر ایڈوانس ٹیکس کی وصولی نہیں ہوگی ۔ سرکلرکے مطابق کمشنرز ان لینڈ ریونیو ہر درخواست کا انفرادی بنیادوں پر بغور جائزہ لیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ استثنا دینے سے پہلے تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے ہوں۔ایف بی آر نے سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لئے مقررہ تمام مدتوں کی سختی سے پابندی کی ہدایت کی ہے۔