ایف آئی اے کا غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گرفتاریاں

ایف آئی اے کا غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گرفتاریاں

اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نےغیر قانونی تارکین وطن اور نادرا افسران کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران متعدد گرفتاریاں کی ہیں۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی کراچی نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے میٹروول سائٹ ایریا اورنگی کراچی میں چھاپوں کے دوران دو افغان شہریوں حبیب اللہ اور نعمت اللہ کو گرفتار کیا ہے،ملزمان سے غیر قانونی پاکستانی شناختی دستاویزات برآمد ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش میں نادرا افسر کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے نے مزید کہا کہ نادرا کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ فرقان احمد خان درانی نے شناختی کارڈ کی منظوری دی۔ایف آئی اے نے دوسرا چھاپہ نرسری کے علاقے میں مارا اور ملزم نادرا افسر فرقان احمد خان درانی کو گرفتار کر لیا ، ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 122/2026 درج کر لیا گیا ہے۔ترجمان ایف آئی اے نے کہا ہے کہ ملزمان کے خلاف فارنرز ایکٹ 1946 اور پی سی اے 1947 کے تحت کارروائی کی گئی ہے اور گرفتار ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔