اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لیبیا کشتی حادثہ میں ملوث انسانی سمگلر گرفتار کر لیا۔ ملزم محمد طاہر کو گوجرہ سے گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی اے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گرفتار ملزم نے محمد اقبال ارشد نامی شہری کو اٹلی بھجوانے کا جھانسہ دے کر 21 لاکھ روپے ہتھیائے،ملزم نے شہری کو غیر قانونی طریقے سے بذریعہ کشتی لیبیا سے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی۔
ترجمان کے مطابق اٹلی کی سمندری حدود میں کشتی حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔کشتی حادثہ میں متاثرہ شہری جاں بحق ہوگیا ۔متاثرہ شہری کا تعلق منڈی بہاءالدین سے تھا۔گرفتار ملزم محمد طاہر سے 99 لاکھ 70 ہزار روپے بھی برآمد کرتے ہوئے ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔