ایبٹ آباد۔ 4 اپریل (اے پی پی):حطار روڈ پر فارچونر اور ٹرک میں تصادم کے نتیجہ میں 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا، حادثہ کے بعد گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، گاڑی میں سوار ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والا محسن اور اس کا ساتھی موقع پر جاں بحق ہو گیا، ایک زخمی شخص اور دونوں نعشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دھمتوڑ ایبٹ آباد کا رہائشی محسن خان جدون فارچونر گاڑی نمبر اے ایچ آر 777 میں دوستوں کے ہمراہ واپس اپنے گھر آ رہا تھا کہ ہری پور میں حطار روڈ پر فاروقیہ چیک پوسٹ کے قریب ان کی گاڑی حادثہ کا شکار ہو گئی، ٹرک سے تصادم کے بعد فارچیونر گاڑی مکمل تباہ ہونے کے ساتھ اس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، حادثہ میں گاڑی مکمل طور پر لاک ہوئی جس کی وجہ سے گاڑی میں سوار افراد کو نکالنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا، گاڑی میں موجود تین افراد میں سے دو جھلس کر موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔
ریسکیو نے گاڑی کاٹ کر نعشوں اور زخمی کو باہر نکالا۔ اطلاع موصول ہوتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظاہر میاں کی قیادت میں کنٹرول روم انچارج جنید ہمایوں اور آن کال آفیسر حماد مصطفیٰ سمیت ریسکیو 1122 ہری پور کی میڈیکل اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ گاڑی میں آگ بھڑکنے اور ٹکرانے کی باعث سبزی منڈی اسلام آباد کے سابق صدر حاجی دلاور خان کا بھتیجا اور لیاقت خان جدون کے بیٹے 31 سالہ محسن سکنہ دھمتوڑ ایبٹ آباد اور ایک نامعلوم شخص موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے جس کو ٹیکسلا منتقل کر دیا گیا ہے۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ جاں بحق ہونے والے دونوں افراد گاڑی میں پھنس گئے جن کو ریسکیو 1122 کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظاہر میاں کی زیر نگرانی ڈیڑھ گھنٹے کے انتھک آپریشن کے بعد جدید آلات کی مدد سے گاڑی کی مختلف حصوں کو کاٹ کر نکلا۔ ریسکیو ٹیم نے دونوں جسد خاکی کو آر ایچ سی کوٹ نجیب اللہ منتقل کر دیا۔ ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122 پنجاب نے بھی حصہ لیا۔