اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ منگل کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو سلنڈر کی قیمت میں فی کلو 78 روپے 28 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر میں 9 سو 23 روپے 71 پیسے اضافے کے بعد 11.8 کلوگرام کے ایل پی جی سلنڈر کی نئی قیمت 3 ہزار 5 سو 88 روپے 59 پیسے اور فی کلو قیمت 304روپے 12 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔ ترجمان اوگرا نے کہا ہے کہ ایل پی جی پروڈیوسر کی قیمت سعودی آرامکو-سی پی اور امریکی ڈالر کے ایکسچینج ریٹ سے منسلک ہے۔ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں سعودی آرامکو-سی پی میں 44 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اوسط ڈالر ایکسچینج ریٹ میں 0.11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں ایل پی جی صارفین کی قیمتوں میں 11.8 کلو گرام سلنڈر پر 923 روپے 71 پیسے (34.66 فیصد) اضافہ ہوا ہے۔