اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی فیفا سیریز 2026 میں شاندار کامیابی پر پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کو مبارکباد

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی فیفا سیریز 2026 میں شاندار کامیابی پر پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کو مبارکباد

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فیفا سیریز 2026 میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی تاریخی فتح پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ اپنے ایک بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے قومی خواتین فٹبال ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 8-0 کی شاندار کامیابی کھلاڑیوں کی محنت، لگن اور غیر معمولی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ویمنز ٹیم نے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا اور سبز ہلالی پرچم کو سربلند کیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کی یہ کامیابی ملک میں کھیلوں کے فروغ، خصوصاً ویمنز سپورٹس کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ویمنز ٹیم کی کارکردگی نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک بہترین مثال ہے اور خواتین کا کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کا جذبہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان میں خواتین کے لیے کھیلوں کے مواقع بڑھانے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی انتہائی ضروری ہے۔ اسپیکر نے مزید کہا کہ فیفا سیریز میں یہ تاریخی کامیابی ویمنز فٹبال کے روشن مستقبل کی نوید ہے اور اس سے ملک میں خواتین کے لیے کھیلوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم قومی ویمنز فٹبال ٹیم پر فخر کرتی ہے اور ان کی مزید کامیابیوں کے لیے دعاگو ہے۔