اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شمالی بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ کے کامیاب ریسکیو آپریشن پر افسران اور جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور جذبۂ خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 18 افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا، جو ایک قابلِ فخر کارنامہ ہے۔ سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں فوری اور مؤثر ردعمل پاک بحریہ کی اعلیٰ تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح مظہر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ خطے میں انسانی ہمدردی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اس امر پر بھی زور دیا کہ اس کامیاب آپریشن سے عالمی سطح پر انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کا مثبت تشخص مزید مضبوط ہوا ہے۔
انہوں نے ریسکیو کیے گئے افراد کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر مشکل گھڑی میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہیں گی۔