اسپیکر قومی اسمبلی کا شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پر پیغام

اسپیکر قومی اسمبلی کا شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پر پیغام

اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی اور جمہوری جدو جہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کی سیاسی تاریخ کے ایک مدبر اور دوراندیش رہنما تھے، جن کی سیاسی بصیرت اور عوامی خدمت کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ جمعہ کو سابق وزیرِ اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک میں جمہوری شعور کو بیدار کیا اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے آگاہ کیا، شہید بھٹو نے پاکستان کو 1973 کا متفقہ آئین دیا، جو آج بھی ملکی جمہوری نظام کی بنیاد ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نےکہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان نے سفارتی، دفاعی اور عوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور عالمی سطح پر ایک باوقار مقام حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کی سیاسی جدوجہد عوامی حقوق، قومی خودمختاری اور وقار کے لیے ایک اعلیٰ مثال تھی۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوری جدو جہد اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے دی جانے والی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ ہمیں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن اور جمہوریت کیلئے دی جانے والی خدمات کے تناظر میں آج کے دن اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم جمہوریت، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، کیونکہ مضبوط جمہوری ادارے ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔