اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے ماحول دوست پولیسنگ اور صاف توانائی کے فروغ کے تحت اپنے بیڑے میں 15 الیکٹرک BYD Atto 2 گاڑیاں شامل کر لی ہیں۔ آئی ٹی پی کے ایک عہدیدار نے اتوار کے روز’’ اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا اضافہ جدید پولیسنگ اور ماحولیاتی پائیداری کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد کاربن کے اخراج میں کمی لانا اور شہر بھر میں ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
عہدیدار کا کہنا تھا کہ دارالحکومت میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک کے دباؤ کے پیش نظر موجودہ گاڑیوں کی تعداد ناکافی محسوس ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق مؤثر ٹریفک مینجمنٹ اور شہریوں کو بہتر اور منظم سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کم از کم 45 گاڑیوں اور تقریباً 3,000 اہلکاروں کی ضرورت ہے۔ عہدیدار نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس جدید ٹیکنالوجی اور ماحول دوست اقدامات کو اپنانے کے لیے پْرعزم ہے تاکہ خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے مطابق بیڑے اور افرادی قوت کو مضبوط بنانے کے لیے مزید اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔