اسلام آباد ٹریفک پولیس کی سرینگر ہائی وے اور اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک سے متعلق اہم ٹریفک ایڈوائزری

اسلام آباد ٹریفک پولیس کی سرینگر ہائی وے اور اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک سے متعلق اہم ٹریفک ایڈوائزری

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے غیر ملکی وفود کی آمد و رفت کے پیش نظر سرینگر ہائی وے اور اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک سے متعلق اہم ایڈوائزری جاری کر دی ۔جمعہ کے روز آئی ٹی پی کے ایک عہدیدار نے اے پی پی کو بتایا کہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہنگامی صورت حال کے علاوہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ مسافروں کو تکلیف سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کرنے چاہئیں،ریڈ زون میں داخلہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے سختی سے محدود رہے گا، تاہم سرکاری گاڑیوں کو استثنا حاصل ہوگا۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اس دوران ریڈ زون کی جانب سفر سے مکمل اجتناب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔

انہو ں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سیکیورٹی انتظامات کے مؤثر نفاذ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک سے متعلق تازہ ترین معلومات اسلام آباد ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ چینل، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔