اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس تھانہ بنی گالا نے اغوا ہونے والی کمسن لڑکی کو کامیابی سے بازیاب کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس حکام نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ مقدمہ بنی گالہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 40/26 مورخہ 17 جنوری کو پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 365-B کے ت این آئی ایچ کے علاقے سے اغوا کے بعد درج کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم محمد حسین ولد سردار عادل نے 16 جنوری کو مبینہ طور پر نابالغ لڑکی کو اغوا کر کے کراچی منتقل کر دیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ سٹیشن ہاؤس آفیسر بنی گالہ انسپکٹر آصف خان نے ذاتی طور پر تحقیقات کی نگرانی کی اور ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس میں سب انسپکٹر چوہدری اشفاق اور کانسٹیبل عبدالبصیر شامل تھے، پولیس ٹیم نے جدید تفتیشی تکنیکوں کا استعمال کیا، جن میں موبائل ڈیٹا کا تجزیہ، لوکیشن ٹریسنگ اور ہیومن انٹیلی جنس شامل ہیں تاکہ ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے کراچی میں کامیابی سے ملزم کا پتہ لگایا اور چھاپہ مار کر محمد حسین کو گرفتار کیا اور مغوی لڑکی کو بحفاظت بازیاب کرایا۔ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اغوا کی گئی بچی نابالغ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس میں چائلڈ میرج ایکٹ کی دفعہ 3، 4، 5 اور 6 کو بھی شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹھوس شواہد اکٹھے کرنے اور جرم میں ملوث ممکنہ ساتھیوں کی نشاندہی کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔