اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) کی جاری ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے ایکسپریس وے، سری نگر ہائی وے اور مری روڈ ، کلب روڈ سے ریڈ زون کی طرف جانے والی ٹریفک کےلئے ڈائیورشن ہے،عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ حفاظتی اقدامات کے نفاذ کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ آئی ٹی پی حکام نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ ان شہراہوں پر ہر طرح کی پبلک ٹرانسپورٹ کے داخلے پر بھی پابندی ہے۔
ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بس سٹاپ یا لوپ پر رکنے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ ریڈ زون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہے گا۔اہلکار نے کہا کہ درج ذیل بڑے راستے بند رہیں گے جن میں کشمیر چوک کلب روڈ زیرو پوائنٹ/سرینگر ہائی وے کی جانب ،سری نگر ہائی وے زیرو پوائنٹ سے سرینا چوک تک،شکرپڑیاں روڈ چاند تارا چوک سے 7تھ ایونیو تک،جناح ایونیو خیابان چوک سے بلیو ایریا تک اور مارگلہ روڈ فیصل چوک سے ٹریل 3 تک بند ہے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ کسی ہنگامی صورت حال کے علاوہ غیر ضروری سفر سے گریز اور متبادل ٹریفک پلان پر عمل کریں تاکہ تکلیف سے بچا جا سکے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی کہ حفاظتی اقدامات کے نفاذ کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک اپ ڈیٹ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ چینل کے ساتھ ساتھ پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی دستیاب ہوں گی۔