اسلام آباد میں سکیورٹی اقدامات مزید سخت، متعدد علاقوں میں بڑے پیمانے پر گرینڈ سرچ آپریشنز

اسلام آباد میں سکیورٹی اقدامات مزید سخت، متعدد علاقوں میں بڑے پیمانے پر گرینڈ سرچ آپریشنز

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے اقدامات کو مزید سخت کر دیا ہے اور متعدد علاقوں میں بڑے پیمانے پر گرینڈ سرچ آپریشنز کیے ہیں۔ایک سرکاری ذریعہ نے جمعہ کو اے پی پی کو بتایا کہ یہ آپریشنز سیکریٹریٹ، بھارہ کہو، کھنہ، شمس کالونی اور سنبل پولیس سٹیشنوں کی حدود میں زونل ایس پیز کی نگرانی میں انجام دیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ موثر چیکنگ کو یقینی بنانے کے لیے لیڈی پولیس اہلکاروں نے بھی ان آپریشنز میں حصہ لیا۔

آپریشنز کے دوران کل 901 افراد اور 323 گھروں کی چیکنگ کی گئی۔سرکاری حکام نے بتایا کہ تلاشی کے دوران 74 دکانیں اور 26 ہوٹلز کا بھی معائنہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران 180 موٹر سائیکلیں اور 73 گاڑیاں چیک کی گئیں۔سرکاری حکام نے بتایا کہ 26 مشکوک افراد کو 13 موٹر سائیکلوں سمیت متعلقہ پولیس سٹیشنوں میں مزید تصدیق کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ڈرگ پیڈلر کو بھی گرفتار کر لیا گیا اور اس کے قبضے سے 285 گرام آئس (کرسٹل میتھ) برآمد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے داخلے اور خروج کے راستوں پر خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تمام گشت کرنے والی یونٹس اور اسپیشل اسکواڈز شہر بھر میں فعال طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔سینئر افسران ڈیوٹی پر موجود رہے، سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیتے رہے اور اقدامات کی موثر عملداری کو یقینی بنایا۔سرکاری حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چیکنگ کے دوران پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری طور پر اطلاع دیں۔