اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بارش کے دوران حادثات سے بچنے کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی ۔ترجمان اسلام آباد پولیس نے شہریوں کے لیے بارش کے دوران احتیاطی تدابیر پر مبنی ٹریفک ایڈوائزری جاری کی جس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور حدِ نگاہ میں کمی کا خدشہ ہے۔ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں اور گاڑی کی رفتار کم رکھیں۔ گاڑی اور موٹرسائیکل سوار اپنی لین کی پابندی کریں اور دورانِ سفر سائیڈ شیشوں اور انڈیکیٹرز کا بروقت استعمال کریں۔ترجمان نے مزید کہا کہ موٹرسائیکل سوار انتہائی بائیں لین میں رہتے ہوئے آہستہ رفتار اختیار کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے ۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی سہولت اور رہنمائی کے لیے مختلف شاہراہوں پر موجود ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال یا رہنمائی کے لیے شہری ٹریفک ہیلپ لائن 1915 یا پکار 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔