عبدالعلیم خان کا اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے آغاز کا خیرمقدم

عبدالعلیم خان کا اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے آغاز کا خیرمقدم

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نےاسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے پاکستان آمد پر امریکی نائب صدر اور ایرانی قیادت کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد عالمی سیاسی توجہ کا مرکز بن چکا ہے، جو پاکستان کی مؤثر اور متوازن سفارت کاری کا عکاس ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بہترین قیادت اور کامیاب سفارتی حکمت عملی کے باعث پاکستان کے کردار کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔انہوں نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مشترکہ اقدامات پاکستان کے مثبت تشخص کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔

عبدالعلیم خان نے دنیا بھر میں جاری تنازعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن ہی ترقی اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے عملی طور پر خود کو عالمی امن کا علمبردار ثابت کیا ہے اور علاقائی استحکام کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلام آباد سے دنیا بھر کے لیے امن اور استحکام کا پیغام جائے گا اور جاری مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہو کر مثبت نتائج دیں گے۔