عامر گورائیہ نے این ڈی آر ایم ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ سنبھال لیا

عامر گورائیہ نے این ڈی آر ایم ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ سنبھال لیا

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ (این ڈی آر ایم ایف ) کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر گورائیہ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ عامر گورائیہ گورننس، پبلک سیکٹر ریفارمز اور بڑے پیمانے پر ترقیاتی پروگراموں کے انتظام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ان کی پیشہ وارانہ مہارت سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ ادارے کو ترقی اور جدت کے نئے مرحلے میں داخل کریں گے۔ پیر کو جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق این ڈی آر ایم ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس تقرری کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان کی سربراہی میں ادارہ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کے قومی پلیٹ فارم کے طور پر مزید مستحکم ہوگا۔

بطور سی ای او عامر گورائیہ ادارے کی نفاذ کی صلاحیت اور آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ وفاقی و صوبائی حکومتوں، ترقیاتی شراکت داروں اور نجی شعبے کے ساتھ روابط کو گہرا کرنے پر توجہ دیں گے۔مزید برآں وہ ڈیزاسٹر رسک فنانسنگ کے جدید حل متعارف کرانے اور ‘سالیڈیرٹی فنڈ’ جیسے مالیاتی آلات کو وسعت دینے کے لئے بھی کوشاں رہیں گے تاکہ پاکستان موسمیاتی خطرات اور آفات سے نمٹنے کے لئے مالی طور پر پہلے سے زیادہ تیار رہے۔ بورڈ نے نئی قیادت کے لئے اپنے بھرپور تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا ہے کہ ادارہ ایک محفوظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ پاکستان کی تعمیر کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔