اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے مختلف علاقوں میں ضروری مرمت اور معمول کی ترقیاتی کاموں کے باعث بجلی کی بندش کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ آئیسکو کے ترجمان کے مطابق (آج) ہفتہ کو راولپنڈی سٹی سرکل میں صبح 7:00 بجے سے دوپہر 12:00 بجے تک بے نظیر بھٹو ہسپتال، طہماسم آباد، ڈھوک حکم داد، آر آئی سی اور رحیم آباد فیڈر سے منسلک علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔
دریں اثنا جی ایس او سرکل کے تحت صبح 8:00 بجے سے شام 6:00 بجے تک 132 کے وی چکوال۔بھگوال۔ تلہ گنگ اور 132 کے وی کہوٹہ سٹی۔پلندری ٹرانسمیشن لائنز پر بجلی کی فراہمی متاثر رہے گی۔ صبح 9:00 بجے سے دوپہر 2:00 بجے تک نیو واہ بہتر موڑ اور ملحقہ علاقوں میں 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن بند رہے گی۔ آئیسکو انتظامیہ نے صارفین کو ہونے والی زحمت پر معذرت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر مرمتی کام مقررہ وقت سے پہلے مکمل ہو گیا تو بجلی کی فراہمی شیڈول سے پہلے بھی بحال کی جا سکتی ہے۔