مظفرآباد۔ 11 اپریل (اے پی پی):قائمقام صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبرنے یومِ دستور پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آئین پاکستان ملک کی وحدت، خودمختاری اور جمہوری استحکام کی بنیاد ہے۔یہ دن ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ 1973 کا آئین ذوالفقار علی بھٹو شہید کی مدبرانہ قیادت میں تشکیل پایا، جو پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک عظیم سنگِ میل ہے۔
یہ آئین وفاقی اکائیوں کے درمیان توازن، عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور جمہوری نظام کے استحکام کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوامی حقوق، جمہوریت اور خودمختاری کے لیے جو خدمات سرانجام دیں اُن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کی پالیسی کو فروغ دیا ہے،پاکستان و آزاد کشمیر کی قیادت پاکستان کے آئینی اصولوں اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔