آئی سی ٹی پولیس کا روزن کے تعاون سے خواتین پولیس افسران کے لیے خصوصی ورکشاپ کا انعقاد

آئی سی ٹی پولیس کا روزن کے تعاون سے خواتین پولیس افسران کے لیے خصوصی ورکشاپ کا انعقاد

اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے روزن کے تعاون سے خواتین پولیس افسران کے لیے ایک خصوصی ورکشاپ بعنوان ’’متوازن ڈیوٹی اور بہتری خواتین پولیس اہلکاروں کی ذہنی صحت میں خواتین پولیس اہلکاروں کا کردار‘‘ کے موضوع پر منعقد ہوئی۔

ایک سرکاری افسر نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ ورکشاپ کا مقصد خواتین کی پولیس میں ذہنی صحت کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور ذاتی بہتری کے درمیان توازن برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کرنا تھا۔

ایس پی ہیڈ کوارٹرز پری گل ترین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جدید پولیسنگ میں خواتین کے اہم کردار پر زور دیا۔انہوں نے پیشہ ورانہ فرائض کے ساتھ ساتھ ذہنی اور جسمانی صحت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر تاکید کی اور افسران کو اپنی ذمہ داریوں کے لیے متوازن اور صحت مند رویہ اپنانے کی ترغیب دی۔پروگرام کے اختتام پر شرکاء خواتین افسران کو ان کی شرکت کے اعتراف میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔