آئی جی پی سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت پولیس ا سٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

آئی جی پی سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت پولیس ا سٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) سید علی ناصر رضوی نے مجموعی سیکورٹی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور SIPS پروٹوکول کے تحت پولیس سٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے لئے سینئر پولیس افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بدھ کو “اے پی پی” کو بتایا کہ آئی جی پی نے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں SIPS فریم ورک کے تحت پولیس اسٹیشنز کی بہتری اور ضلع بھر میں دیگر ترقیاتی منصوبے شامل تھے۔ اجلاس کے دوران اسلام آباد ماڈل جیل کی تعمیر پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آئی جی پی رضوی نے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو مزید منظم اور تیز کرنے کے لیے واضح اور جامع ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے، آپریشنل کارکردگی میں بہتری لانے اور جدید معیار کے مطابق مؤثر پولیسنگ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنا اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (ICT) پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ آئی جی پی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے اور ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔