آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، پولیس فارمیشنز اور یونٹ سربراہان کی شرکت

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، پولیس فارمیشنز اور یونٹ سربراہان کی شرکت

لاہور۔1اپریل (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبہ بھر کی پولیس فارمیشنز اور یونٹس کے سربراہان،ایڈیشنل آئی جیز،ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی،ڈی آئی جیز،اے آئی جیز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اجلاس میں انتظامی و پالیسی امور،رولز میں ترامیم اور پولیسنگ سے متعلق مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔مختلف اضلاع میں نئے سب ڈویژنز اور تھانوں کے قیام،حدود کے ازسرنو تعین اور دیگر ترقیاتی امور بھی زیر بحث آئے۔اجلاس کے دوران یونٹس کے سربراہان نے ایجنڈے میں شامل نکات پر اپنی تجاویز اور مشاہدات پیش کئے۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ انتظامی امور کی موثر انجام دہی کو یقینی بنایا جائے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے۔انہوں نے اجلاس میں زیر غور آنے والی تجاویز کو مزید بہتر بنا کر آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اہم پالیسی فیصلوں کیلئے پولیس ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی،ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، کمانڈنٹ پی سی جبکہ گوجرانوالہ،بہاولپور اور سرگودھا ریجنز کے آر پی اوز،سی پی او ملتان،ڈی پی اوز سیالکوٹ،سرگودھا اور بہاولپور نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔