اسلام آباد /ملتان ۔27مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کیلئے کسی قسم کی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔ بدھ کو ملتان میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے آئین اور پارلیمان کے مطابق ہونے چاہئیں, پارلیمنٹرینز کا کام قانون سازی اور آئین سازی ہے، مقامی مسائل کا حل بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ صوبائی معاملات پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہوگا، قومی مفاد میں فیصلے ہونے چاہئیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ امریکہ عالمی معاملات میں اہم کردار کا حامل ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے مذاکرات صرف قومی مفادات کے تناظر میں ہو رہے ہیں، چین پاکستان کا آل ویدر فرینڈ ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سی پیک منصوبوں سے خوشحالی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جم خانہ منصوبہ کیلئے زمین اور فنڈز فراہم کرچکے ہیں۔