جدہ۔26مئی (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جنرل سیکرٹریٹ نے کوئٹہ میں ٹرین پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد بے گناہ افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔
او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندہ سید محمد فواد شیر کی جانب سے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا گیا کہ جنرل سیکرٹریٹ نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی ہر شکل اور مظاہر کو مسترد کرنے کے او آئی سی کے موقف کا اعادہ کیا۔ بیان میں پاکستان کی حکومت،عوام اور جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔ اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹریٹ نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔