لاہور۔23مئی (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ(یواین ایف پی اے ) کی نمائندہ ڈاکٹر گلنارا کادیئرکولووا نے وفد کے ہمراہ سپیکر ہاوس میں ملاقات کی۔جس میں سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب،ایڈوائزر برائے سپیکر و سربراہ پارلیمنٹری ڈویلپمنٹ یونٹ اسامہ خاور گھمن سمیت یواین ایف پی اے کے اعلی حکام بھی شریک ہوئے۔وفد نے پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ2026 کی تاریخی منظوری پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔اس قانون کے تحت لڑکیوں اور لڑکوں دونوں کیلئے شادی کی کم از کم عمر18 سال مقرر کی گئی ہے،جسے بچوں کے حقوق کے تحفظ،خواتین کی فلاح اور سماجی انصاف کے فروغ کی جانب ایک اہم اور انقلابی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ملاقات کے دوران پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ2026 پر موثر عملدرآمد،ری پروڈکٹیو ہیلتھ بل،آبادی میں توازن،گورننس کی بہتری،خواتین اور بچوں کی صحت،تعلیم،سماجی تحفظ اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہیواین ایف پی اے اور پنجاب اسمبلی کے درمیان مفاہمتی یادداشت(ایم او یو)کے تحت جاری تعاون کو مزید موثر اور وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ ترقی یافتہ،متوازن اور ذمہ دار معاشرے کے قیام کیلئے خواتین، بچوں اور نوجوانوں کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی عوامی فلاح،سماجی انصاف اور پائیدار ترقی سے متعلق موثر قانون سازی کے عمل کو مزید مضبوط بنائے گی۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ آبادی اور ترقی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مربوط پالیسی سازی،ادارہ جاتی اشتراک اور پارلیمانی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نےیواین ایف پی اے کے ساتھ جاری شراکت داری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی صحت،تعلیم،با اختیار بنانے اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے مزید مثبت نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔یواین ایف پی اے کی نمائندہ ڈاکٹر گلنارا کادیئرکولووا نے پنجاب اسمبلی کی جانب سے کی جانے والی اصلاحاتی قانون سازی،ویمن کاکس اور چائلڈ رائٹس کاکس کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ2026 بچوں کے حقوق اور صنفی مساوات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یواین ایف پی اے پاکستان میں خواتین اور بچوں کی فلاح،صحتِ عامہ اور آبادی سے متعلق آگاہی کے فروغ کیلئے پنجاب اسمبلی کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔