ایچ ای سی کا کمپیوٹنگ ایجوکیشن مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ، این ایس سی ٹی 2026 نتائج کا جائزہ

ایچ ای سی کا کمپیوٹنگ ایجوکیشن مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ، این ایس سی ٹی 2026 نتائج کا جائزہ

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن نے قومی نصاب جائزہ کمیٹی (این سی آر سی) برائے کمپیوٹر سائنس کے اراکین کے ساتھ کمیشن سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں نیشنل اسکلز کمپیٹنسی ٹیسٹ (این ایس سی ٹی) 2026 کے نتائج کا جائزہ لیا گیا اور پاکستان میں کمپیوٹنگ ایجوکیشن کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آئندہ اقدامات پر غور کیا گیا۔

ایچ ای سی سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں این ایس سی ٹی 2026 کے اہم نتائج، کمپیوٹنگ تعلیم میں موجود خامیوں اور تعلیمی نصاب کو جدید صنعتی تقاضوں اور قومی ترجیحات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ضروری اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔واضح رہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 4 اور 5 اپریل کو ملک بھر میں این ایس سی ٹی کا انعقاد کیا تھا، جو وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن اور ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔

ٹیسٹ میں ملک بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے 33 ہزار سے زائد طلبہ نے شرکت کی، جسے پاکستان میں کمپیوٹنگ مہارتوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔اجلاس کے اختتام پر ایک خصوصی تقریبِ اسناد بھی منعقد کی گئی، جس میں این ایس سی ٹی 2026 کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والے اداروں، کمیٹی اراکین اور دیگر شراکت داروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں اسناد پیش کی گئیں۔