اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی، انتظامی اور ترقیاتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ریاست میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مختصر مدت میں عوام کا سیاسی نظام پر اعتماد بحال کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آزادریاست اور پاکستان کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر میں 500 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے جبکہ سیاحت کے فروغ اور دنیا بھر سے سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے بھی غیرمعمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ ریاست کے ہر علاقے میں سکولوں اور کالجوں کے قیام کی بنیاد رکھی جا رہی ہے تاکہ تعلیمی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچائی جا سکیں۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر استفسار کیا اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت عوامی مسائل کے مکمل حل کے لیے کوشاں ہے اور کسی بھی عوامی مسئلے کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام فریقین اور عوامی نمائندوں سے مشاورت اور بات چیت کا عمل جاری رکھا جائے تاکہ مسائل کو احسن انداز میں حل کیا جا سکے۔