جدہ۔21مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں “گرینڈ حج سمپوزیم” کے خصوصی سیشن میں اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمدمرزا اور ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو بھی وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ساتھ تھے ۔ سمپوزیم میں دنیا بھر سے آئے ہوئے وزرائے مذہبی امور، حج مشنز کے سربراہان سمیت سٹیک ہولڈرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔سعودی عرب کے وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے سمپوزیم سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے دنیا بھر سے آنے والے ضیوف الرحمن کو خوش آمدید کہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشائر مقدسہ (منیٰ، عرفات، مزدلفہ) میں حجاج کرام کو ہر ممکن بہترین سہولیات کی فراہمی سعودی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے حج انتظامات، عازمین کی آگاہی کے لیے شروع کی جانے والی حالیہ مہمات اور خصوصاً موسم کی شدت سے بچاؤ کے لیے کی جانے والی احتیاطی تدابیر اور انتظامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔سمپوزیم کے مختلف ورکنگ سیشنز اور گروپ ڈسکشنز میں سعودی وزارتِ داخلہ، وزارتِ صحت اور وزارتِ حج و عمرہ کے حکام نے شرکا کو بریفنگ دی، جس میں مقاماتِ مقدسہ کے اندر حجاج کی نقل و حرکت کے انتظام میں ڈیجیٹل تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا ۔ شرکاء کوحجاج کے دفاتر کے ساتھ ہم آہنگی بڑھانے، بین الاقوامی سطح پر آگاہی کے روابط مضبوط کرنے اور قربانی کے گوشت کی تقسیم جیسے جدید آپریشنل ماڈل سے آگاہ کیا۔
سمپوزیم میں حج امور کے دفاتر کے سربراہان اور بین الاقوامی حج کمپنیوں کے خصوصی اجلاس بھی طے کیے گئے ہیں۔ اختتامی سیشن میں مقررین نے واضح کیا کہ یہ گرانڈ سمپوزیم اپنے پچاسویں ایڈیشن میں علم و تحقیق کو ضیوف الرحمن کی خدمت کا بنیادی حصہ بنا رہا ہے، جو اسلام تعلیمات کی روشنی میں خدمت اور زائرین کی دیکھ بھال کے لیے سعودی حکومت کی مسلسل اور مخلصانہ کوششوں کا عکاس ہے۔