ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کا باچا خان ائیرپورٹ پر خصوصی کاؤنٹر قائم،بیرونِ ملک سے آنے والے جسدِ خاکی کو متعلقہ علاقے تک مفت منتقلی کی خدمات فراہم کی جائیں گی

ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کا باچا خان ائیرپورٹ پر خصوصی کاؤنٹر قائم،بیرونِ ملک سے آنے والے جسدِ خاکی کو متعلقہ علاقے تک مفت منتقلی کی خدمات فراہم کی جائیں گی

پشاور۔ 19 مئی (اے پی پی):ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا نے ائیرپورٹ انتظامیہ کے تعاون سے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پشاور میں خصوصی کاؤنٹر قائم کیا ہے، جس کا مقصد بیرونِ ملک سے آنے والے جسدِ خاکی کی ائیرپورٹ سے صوبے کے کسی بھی علاقے تک مفت منتقلی کے حوالے سے خدمات فراہم کرنا ہے۔ اس سروس کیلئے 6 خصوصی ایمبولینسز ہر وقت دستیاب رہیں گی تاکہ منتقلی کے عمل کو بروقت اور باوقار انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

خیبر پختو نخوا کے وزیر برائے محکمہ ریلیف بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان نے اس سروس کا باقاعدہ افتتاح باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پشاور میں کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122، ائیرپورٹ حکام اور انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر عاقب اللہ خان کا کہنا تھا کہ اس سروس کا آغاز ایک تاریخی، انسان دوست اور فلاحی اقدام ہے جس کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کو مشکل ترین وقت میں سہولت اور سہارا فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا، کی خصوصی ہدایات پر اس سروس کو شروع کیا گیا ہے، جسے عوامی خدمت اور انسانی ہمدردی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر ریلیف کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور مشکل وقت میں ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑا ہونا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کیلئے ریسکیو 1122 کی خصوصی ٹیمیں اور جدید ایمبولینس سروسز چوبیس گھنٹے دستیاب رہیں گی تاکہ سوگوار خاندانوں کو بروقت سہولت فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا عوامی خدمت کا ایک مؤثر ادارہ بن چکا ہے جو ایمرجنسی صورتحال میں فوری اور معیاری خدمات فراہم کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جسدِ خاکی کی مفت منتقلی سروس سے غمزدہ خاندانوں کو نہ صرف سہولت ملے گی بلکہ انہیں مالی بوجھ سے بھی نجات حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے قائم کردہ ہیلپ ڈیسک کے ذریعے لواحقین کو فوری معاونت فراہم کی جائے گی اور جسدِ خاکی کی منتقلی کیلئے ریسکیو1122 ایمبولینس مہیا کی جائے گی۔