گورنر بلوچستان کا قانونی تجارت کے فروغ اور تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور

گورنر بلوچستان کا قانونی تجارت کے فروغ اور تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور

کوئٹہ۔ 14 مئی (اے پی پی):گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کی بحالی میں تاجروں کا کردار انتہائی اہم اور قابل تحسین ہے، تجارت کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، اس لئے حکومت تاجروں کے مسائل کے حل اور قانونی تجارت کے فروغ کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی مشیر ماحولیات نسیم الرحمن ملاخیل، پارلیمانی سیکرٹری برکت علی رند، میر لیاقت علی لہڑی، رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر ناصر خان دوتانی، وفاقی محتسب سرور بروہی، ٹکری شفقت لانگو، کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی ایوب مریانی، کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے پیٹرن انچیف جمعہ خان، حاجی ولی محمد نورزئی، عبد الرحیم زیارتوال، سید عبدالخالق آغا و دیگر بھی موجود تھے۔

گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان بلکہ پاکستان کی سطح پر چیمبرز اہمیت کے حامل ادارے ہیں اور پرائیویٹ سیکٹر نے ملک میں روزگار کی فراہمی میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے مسائل متعلقہ فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھائے جائیں گے جبکہ اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے قانونی تجارت کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارتی حجم میں اضافے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس کی اپنی الگ اہمیت ہے اور بلوچستان کی تاجر برادری قانونی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ہنر مندی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ بے روزگاری میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر تجارت کیلئے سکیورٹی بھی ناگزیر ہے جبکہ تاجروں کے مسائل کو حکومت کے سامنے مؤثر انداز میں اٹھایا جائے گا۔صوبائی مشیر ماحولیات نسیم الرحمن ملاخیل نے کہا کہ تاجروں کے درمیان گورنر بلوچستان کی موجودگی خوش آئند ہے جس سے تاجروں کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ میر لیاقت علی لہڑی نے کہا کہ گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان تاجروں کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں۔پارلیمانی سیکرٹری برکت علی رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان چیمبر آف کامرس کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے تاجر قومی خزانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور انہیں آئین و قانون کے مطابق کاروبار کیلئے سازگار مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکران میں 148 اقسام کی کھجور پیدا ہوتی ہے جس کی مالیت تقریباً 15 ارب روپے ہے، اسے بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی دلانے سے ملکی معیشت مزید مستحکم ہو سکتی ہے۔عبد الرحیم زیارتوال نے کہا کہ تاجروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ معیشت کی مضبوطی تاجروں اور صنعتکاروں کی مضبوطی سے مشروط ہے جبکہ حاجی ولی محمد نورزئی نے چیمبر آف کامرس کی فعالیت اور تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے حکومتی اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔