قائدِاعظم یونیورسٹی میں ’’چائنیز ایمبیسیڈر سکالرشپ‘‘ پروگرام کے تیسرے مرحلے کے تحت 47 طلباء و طالبات میں وظائف تقسیم

قائدِاعظم یونیورسٹی میں ’’چائنیز ایمبیسیڈر سکالرشپ‘‘ پروگرام کے تیسرے مرحلے کے تحت 47 طلباء و طالبات میں وظائف تقسیم

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):قائدِاعظم یونیورسٹی میں ’’چائنیز ایمبیسیڈر سکالرشپ‘‘ پروگرام کے تیسرے مرحلے کے تحت 47 طلبہ و طالبات میں وظائف تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا اہتمام جامعہ کے شعبہ سیاست و بین الاقوامی تعلقات میں کیا گیا۔ تقریب میں مقررین نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی، تعلیمی تعاون اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں ایسے پروگراموں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’چائنیز ایمبیسیڈر سکالرشپ‘‘ پروگرام دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ تقریب کے دوران 47 طلباء و طالبات کو وظائف سے نوازا گیا جبکہ اس موقع پر اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلیم، تحقیق اور افرادی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ’’آئرن برادرہڈ‘‘ کی روح مستقبل میں بھی نئی نسلوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔ تقریب میں اساتذہ، طلبہ اور جامعہ کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔