وزیر اعلیٰ بلوچستان کا مدرز ڈے کے موقع پر پیغام

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا مدرز ڈے کے موقع پر پیغام

کوئٹہ۔ 10 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مدرز ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ماں صرف ایک رشتہ نہیں بلکہ محبت، قربانی، صبر اور دعا کا وہ مقدس سایہ ہے جس کے بغیر زندگی ادھوری ہے، ماں کا وجود انسان کی شخصیت سازی، تربیت اور اخلاقی بنیادوں کا اصل سرچشمہ ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دنیا بھر کی ماؤں خصوصاً پاکستان اور بلوچستان کی عظیم ماؤں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ان عظیم ہستیوں کی لازوال خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے اپنی زندگیاں اپنی اولاد کے بہتر مستقبل کے لیے وقف کر دی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان کی ماؤں نے اپنی تربیت، دعاؤں اور قربانیوں سے بہترین نسلوں کی پرورش کی ہے اور نئی نسل کو وطنِ عزیز پاکستان سے محبت، وفاداری اور خدمت کا جذبہ منتقل کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، باوقار اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد دراصل ماؤں کی بہترین تربیت میں پوشیدہ ہے ۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہداء کی مائیں پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی بے مثال قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مائیں جنہوں نے اپنے لخت جگر ملک و قوم کے دفاع کے لیے قربان کیے، وہ ہمارے لیے عزت، احترام اور عقیدت کا اعلیٰ مقام رکھتی ہیں ۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ماں کا احترام ہماری تہذیب، ایمان اور پاکستانیت کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں اخلاقی اقدار اور خاندانی نظام کی مضبوطی کے لیے ماں کے کردار کو ہر سطح پر تسلیم اور سراہا جانا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مدرز ڈے ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ایک ماں کی دعائیں، قربانیاں اور محبت ہی وہ طاقت ہیں جو انسان کو کامیابی، استقامت اور بلندیوں تک پہنچاتی ہیں۔